چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی زیر صدارت اہم اجلاس، بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2023 میں ترامیم منظور

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت ہفتہ کے روز سی ڈی اے بورڈ کا سال 2026 کا دسواں اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ جسمیں ممبر ایڈمن اسفندیار بلوچ، ممبر فنانس و ممبر پلاننگ محمد عمیر، ممبر اسٹیٹ محمد زمان وٹو، ممبر بلڈنگ عصمت شریف ڈھلوں اور پروفیسر ڈاکٹر محمد علی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ممبر بورڈ سمیت متعلقہ سنئیر افسران نے شرکت کی۔
سی ڈی اے بورڈ کے دسویں اجلاس میں بلڈنگ کنٹرول ریگولیشز 2023 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اس ضمن میں اسلام آباد میں ہائی رائز کمرشل بلڈنگز کیلئے پارکنگ کی ضروریات کو معقول بنانا کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کے تحت نئے طے شدہ معیار یعنی 1000 مربع فٹ پر ایک کار کی پارکنگ کی جگہ مختص کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس حوالے سے پاکستان کے دیگر شہروں میں قائم ریگولیٹری اتھارٹیوں کے فریم ورک کا جائزہ لینے کے بعد اسلام آباد میں پارکنگ کی جگہ کے معیار کو انکے برابر لایا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سے قبل کمرشل بلڈنگز کی منظوری کیلئے 750 مربع فٹ پر ایک کار پارک کرنے کی جگہ فراہم کرنا لازمی تھا۔ اس سلسلے میں بلڈرز اور ڈیویلپرز کو کمرشل بلڈنگز کی تعمیر کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ بعض صورتوں میں زیر زمین کھدائی تقریباً 6 بیسمنٹس تک کی تعمیر جبکہ زمین کی ساخت اور سیفٹی کے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑھ رہا تھا۔ پارکنگ کی جگہ مختص 1000 مربع فٹ کی تجویز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، بزنس کمیونٹی ، بلڈرز، ڈیولپرز اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے درپیش مشکلات کے حل کے حوالے سے بھی سی ڈی اے کو متعدد بار دی گئی۔
واضح رہے پارکنگ کی جگہ کو 1000 مربع فٹ تک بڑھانے کے فیصلہ کا اطلاق آج سے اور سی ڈی اے کی آئندہ اوپن آکشن جسکا انعقاد 4، 5 اور 6 اگست سمیت مستقبل میں ہونے والی اوپن آکشنز پر لاگو ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت یہ سہولت آمدہ اوپن آکشن میں نیلام ہونے والے تمام کمرشل پلاٹس کو حاصل ہوگی اور اس فیصلے کے مطابق آکشن کے شرائط و ضوابط میں بھی تبدیلی لائی جائیگی۔
اس فیصلے سے اسلام آباد شہر میں بلڈنگز پلان کی منظوری میں آسانی اور کنسٹرکشن سے متعلق سرگرمیوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ سی ڈی اے شہر کی تعمیر و ترقی، بہتر منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تمام سہولیات کو یقینی بنائےگا۔



