پیٹرولیم قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود مہنگائی برقرار، گھی اور آئل مزید مہنگے

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود مہنگائی کی شرح میں کوئی نمایاں کمی دیکھنے میں نہیں آئی، جبکہ اشیائے خوردونوش خصوصاً گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہول سیل مارکیٹ ذرائع اور کریانہ مرچنٹس کے مطابق درجہ اول کے گھی اور آئل کی فی کلو قیمت میں 30 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قیمت 560 روپے سے بڑھ کر 590 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح درجہ دوم کے آئل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 510 روپے سے بڑھ کر 545 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
مزید برآں درجہ دوم کے گھی کی قیمت میں بھی 25 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد قیمت 510 روپے سے بڑھ کر 535 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جبکہ شہریوں نے حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



