نمائندگان کی خبریں

اوور لوڈ ٹرانسفارمر سے شہری پریشان قیمتی برقی آلات جلنے لگے

تحصیل چوآ سیدن شاہ کے محلہ سوئی گیس میں اوور لوڈ ٹرانسفارمر سے شہری پریشان قیمتی برقی آلات جلنے لگے

چیف ایگزیکٹو آئیسکوچیف انجینئر اور ایس ای چکوال فوری نوٹس لیں، 11KV ہائی وولٹیج لائنوں سے بھی سنگین خطرات لاحق

چوآ سیدن شاہ (خاور شہزاد) تحصیل چوآ سیدن شاہ کے محلہ سوئی گیس کے رہائشیوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو اسلام آباد، چیف انجینئر آئیسکو، سپرنٹنڈنگ انجینئر چکوال سرکل اور سب ڈویژنل آفیسر آئیسکو چوآ سیدن شاہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں نصب ٹرانسفارمر شدید اوور لوڈ کا شکار ہے جس کے باعث وولٹیج میں مسلسل غیر معمولی اتار چڑھاؤ پیدا ہو رہا ہے اور متعدد گھروں میں پانی کی موٹریں، پنکھے، فریج،  اور دیگر قیمتی برقی آلات جل کر ناکارہ ہو چکے ہیں جس سے شہریوں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ مکینوں کے مطابق حالیہ طوفان کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے جبکہ متعدد شکایات کے باوجود مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔ درخواست گزاروں نے نشاندہی کی کہ آبادی کے قریب سے گزرنے والی 11KV ہائی وولٹیج لائنیں بھی انسانی جانوں اور املاک کے لیے مستقل خطرہ بنی ہوئی ہیں اور کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں بجلی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث ٹرانسفارمر پر بوجھ میں مزید اضافہ ہو رہا ہے جس سے نہ صرف لو وولٹیج اور بجلی کی خرابیوں میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ مزید برقی آلات کے جلنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ متاثرین نے اعلیٰ آئیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر موقع کا معائنہ کیا جائے، اوور لوڈ ٹرانسفارمر کی استعداد میں اضافہ یا نیا ٹرانسفارمر نصب کیا جائے، متاثرہ صارفین کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائے اور 11KV ہائی وولٹیج لائنوں کو حفاظتی اصولوں کے مطابق محفوظ یا منتقل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ درخواست پر متعدد مقامی شہریوں نے دستخط کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری عملی کارروائی اور مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button