نمائندگان کی خبریں

قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح، فری میڈیکل کیمپ بھی قائم



کشمور (سید رشید احمد شاہ) ڈپٹی کمشنر کشمور آغا شیر زمان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید اعجاز علی شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر کندھکوٹ زرار احمد خاصخیلی نے 13 اپریل سے 16 اپریل 2026 تک جاری رہنے والی قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ او نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس سے بچاؤ کے لیے ہر بچے کو حفاظتی قطرے پلانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی پولیو ویکسین پلائیں تاکہ ملک کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق مہم کے دوران 3 لاکھ 42 ہزار 11 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 54 فکسڈ ٹیمیں، 50 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 812 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گی، جبکہ 54 یو سی ایم اوز مہم کی نگرانی کریں گے۔

تقریب میں محکمہ صحت کے افسران، پولیو ورکرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور مہم کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پولیو کے خاتمے کے لیے آگاہی واک بھی منعقد کی گئی۔

مزید برآں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ شہری اتحاد کندھکوٹ کے تعاون سے سول اسپتال کندھکوٹ میں لگائے گئے کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز مریضوں کا مفت معائنہ کریں گے، جہاں ملیریا، شوگر اور دیگر ضروری ٹیسٹ، ادویات، الٹراساؤنڈ اور حفاظتی ٹیکے بھی مفت فراہم کیے جائیں گے۔

افتتاحی تقریب میں ڈاکٹرز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس اقدام کو سراہا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button