گوجرخان ٹی ایچ کیو ہسپتال میں بدانتظامی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا بڑا ایکشن

گوجرخان (قمر شہزاد) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان میں ادویات کی عدم دستیابی، انتظامی کمزوری اور عملے کے توہین آمیز رویے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔تفصیلات کے مطابق پرنٹ میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں اور عوامی احتجاج کے بعد وزیر اعلیٰ نے معاملے کا فوری جائزہ لیا۔ شکایات میں بتایا گیا تھا کہ ہسپتال میں ضروری ادویات دستیاب نہیں جبکہ عملہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کر رہا ہے۔صورتحال کے پیش نظر حکومت کی جانب سے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس ٹی ایچ کیو، ایک لیڈی ڈاکٹر اور فارماسسٹ کے تبادلے کر دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق سابق ایم ایس کو تلہ گنگ، فارماسسٹ کو راجن پور جبکہ لیڈی ڈاکٹر کو کلر کہار منتقل کر دیا گیا ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی قسم کی غفلت یا بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہسپتال میں ادویات کی فوری فراہمی اور انتظامی امور کی بہتری یقینی بنائی جائے۔دوسری جانب گوجرخان کے عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ کے فوری اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئے انتظامی افسران کی تعیناتی سے ہسپتال کے حالات میں بہتری آئے گی اور مریضوں کو بہتر علاج میسر آ سکے گا۔



