کندھکوٹ سے سکھر ویگن کرایوں میں اضافہ، مسافروں کا احتجاج، سرکاری نرخ نظر انداز

کندھکوٹ سے سکھر جانے والی ویگنوں کے کرایوں میں مبینہ اضافے پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ مسافروں کے مطابق فی مسافر 400 روپے کرایہ وصول کیا جا رہا ہے، جو کہ حکومتی مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کرایہ 3 روپے 30 پیسے فی کلومیٹر بنتا ہے، جس حساب سے کندھکوٹ سے سکھر کا کرایہ تقریباً 330 روپے ہونا چاہیے، مگر ٹرانسپورٹرز من مانی کرتے ہوئے زائد رقم وصول کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے سندھ پریس کلب تعلقہ کندھکوٹ کے صدر سید رشید احمد شاہ نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کو فوری طور پر بند کرایا جائے اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
مسافروں نے بھی ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ حکام سے اپیل کی ہے کہ کرایوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔



