نمائندگان کی خبریں

8 روز سے لاپتا نوجوان ہوشو گولو کی بازیابی کے لیے اہلِ خانہ کا قرآن پاک اٹھا کر ایس ایس پی آفس کے باہر احتجاج

آٹھ روز گزرنے کے باوجود نوجوان ہوشو گولو کا سراغ نہ مل سکا، اہلِ خانہ کی خواتین قرآن پاک اٹھا کر ایس ایس پی آفس کے مرکزی گیٹ پر پہنچ گئیں پولیس کی مبینہ عدم توجہی کے خلاف احتجاج ایس ایس پی کشمور سے نوجوان کی فوری بازیابی اور بحفاظت گھر واپسی کا مطالبہ

کندھ کوٹ( سید رشید احمد شاہ) کندھ کوٹ کے قریب تھانہ سی سیکشن کی حدود میں واقع گاؤں ملہار گولو کا رہائشی نوجوان ہوشو گولو گزشتہ آٹھ روز سے پُراسرار طور پر لاپتا ہے طویل وقت گزرنے کے باوجود نوجوان کا کوئی سراغ نہ ملنے پر اس کے اہلِ خانہ شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں نوجوان کی عدم بازیابی اور پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر مؤثر اقدامات نہ کیے جانے کے خلاف لاپتا نوجوان کی والدہ سمیت گھر کی خواتین قرآن پاک اٹھا کر ایس ایس پی آفس کشمور کے مرکزی گیٹ کے سامنے پہنچ گئیں جہاں انہوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی احتجاج کے موقع پر لاپتا نوجوان ہوشو گولو کی والدہ مسمات منشی گولو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا گزشتہ آٹھ روز سے پراسرار طور پر لاپتا ہے، جس کے بعد سے پورا خاندان شدید کرب اور بے چینی میں مبتلا ہے انہوں نے کہا کہ بیٹے کی گمشدگی نے اہلِ خانہ کو سخت پریشانی میں ڈال دیا ہے اور گھر میں ہر طرف غم و تشویش کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ والدہ کے مطابق بیٹے کی تلاش اور بازیابی کے لیے متعلقہ پولیس سے مدد کی امید رکھی گئی تاہم ان کے بقول تاحال کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آسکی مسمات منشی گولو کا کہنا تھا کہ ایک ماں کے لیے اپنے جوان بیٹے کی جدائی اور اس کے بارے میں کسی قسم کی اطلاع نہ ملنا ناقابلِ برداشت تکلیف ہے۔ وہ گزشتہ کئی روز سے اپنے بیٹے کی واپسی کی منتظر ہیں، لیکن تاحال انہیں یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کا بیٹا کہاں اور کس حال میں ہے۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ ان کے خاندان کی بے بسی اور پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے نوجوان کی تلاش کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں
احتجاج کرنے والی خواتین نے قرآن پاک اٹھا کر پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان کے بیٹے اور بھائی کی گمشدگی کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور اس کی تلاش کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ شدید پریشانی کے عالم میں ایس ایس پی آفس کے باہر احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں، کیونکہ انہیں اپنے پیارے کی بحفاظت واپسی کی امید پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے وابستہ ہے
مظاہرین نے ایس ایس پی کشمور سے پُرزور مطالبہ کیا کہ نوجوان ہوشو گولو کی گمشدگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو اس کی تلاش کا ٹاسک دیا جائے، گمشدگی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے اور نوجوان کو جلد از جلد بحفاظت بازیاب کرا کے اس کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا جائے واضح رہے کہ نوجوان کی آٹھ روز سے گمشدگی نے اہلِ خانہ کو شدید اضطراب میں مبتلا کر رکھا ہے جبکہ اس کی والدہ اور دیگر رشتہ دار اپنے پیارے کی بحفاظت واپسی کے منتظر ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس کے اعلیٰ حکام اس معاملے کا کب نوٹس لیتے ہیں اور لاپتا نوجوان کی بازیابی کے لیے کیا عملی اقدامات کیے جاتے ہیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button