اہم خبریں

ایل پی جی سیکٹر سے اجارہ داری ختم، عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں، عطاء اللہ تارڑ

ایل پی جی سیکٹر میں اجارہ داری کے خاتمے اور مسابقت کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پہلی مرتبہ آئل ریفائنریوں کا منافع عوام کو منتقل کیا گیا، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد  (محمد فیصل ندیم سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایل پی جی سیکٹر میں مسابقت کو فروغ دیتے ہوئے اجارہ داری کے خاتمہ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزیراعظم نے عالمی توانائی بحران کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے، ٹارگٹڈ فیول ریلیف سکیم کے ذریعے مستحق طبقات کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے، پہلی مرتبہ آئل ریفائنریوں کا منافع عوام کو منتقل کیا گیا۔ منگل کو یہاں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے پورے بحران کے دوران عوامی مفادات کو ترجیح دی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ پڑے۔ پہلے مرحلے میں 133 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی جس کے ذریعے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ روکنے اور ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کیے گئے۔ اب ٹارگٹڈ سبسڈی کے تحت فیول ریلیف سکیم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سوچ اور وژن کے مطابق ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ فیول ریلیف سکیم سے محروم اور مستحق طبقات مستفید ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ آئل ریفائنریوں کا منافع عوام کو منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سیکٹر کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسابقت کو فروغ دیا جائے، چند افراد کی اجارہ داری اور طویل عرصے سے رائج صوابدیدی کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جرات مندانہ فیصلے کئے۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سیکٹر میں مسابقت کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریفائنریوں سے منافع واپس لے کر عوام کو منتقل کیا گیا، ایسا ملک کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور توانائی کا بحران پیدا ہوا تاہم پاکستان میں وزیراعظم نے میکرو اکنامک استحکام برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔ ان اقدامات میں وزیراعظم کی عوام کے لیے فکر، احساس اور ریلیف فراہم کرنے کا عزم نمایاں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل پی جی سیکٹر میں مسابقت کا فروغ ایک تاریخی اقدام ہے، اس سے قبل کسی حکومت نے چند افراد کی اجارہ داری ختم کرکے میرٹ پر مبنی نظام متعارف کرانے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو تنہا ءنہیں چھوڑا، اسٹرکچرل ریفارمز کیں اور نظام میں شفافیت لانے کے لیے اقدامات کیے۔ اوگرا نے اپنی ویب سائٹ پر تمام تفصیلات شائع کرنا شروع کر دی ہیں جو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شوگر سیکٹر نے پہلی مرتبہ ٹیکس کی مد میں 60 ارب روپے کا اضافی ریونیو جمع کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اضافی اقدامات کے ذریعے عوام پر بوجھ کم کیا جا رہا ہے اور منافع کمانے والے اور ٹیکس ادا کرنے کی استطاعت رکھنے والے شعبوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ٹیکس جمع کرائیں اور حب الوطنی کا مظاہرہ کریں۔ یہ اقدامات مجموعی طور پر اصلاحات کا حصہ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے سردیوں میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے اور تمام وزراء کو ریلیف کے عمل کو آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے جس پر عمل جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر وزیراعظم نے خصوصی کاوشیں کیں اور مشکل ترین حالات میں عارضی طور پر اس میں کمی بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکس وصولی کا ایک نظام موجود ہے تاہم جہاں ریلیف کی گنجائش موجود ہے، وہاں خصوصی کوششیں کرکے وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات میں متعلقہ معاملات زیر بحث آئے ہیں، جماعت اسلامی سے کہا ہے کہ وہ اپنی تجاویز اور ممکنہ حل پیش کریں اور تکنیکی بنیادوں پر رہنمائی فراہم کریں، جہاں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی گنجائش ہوگی، وہاں ضرور اقدامات کیے جائیں گے تاہم اس حوالے سے پہلے ہی کافی کام جاری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گلگت بلتستان وفاقی حکومت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور وزیراعظم نے اس حوالے سے جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سہولیات کی فراہمی کے لیے 100 میگاواٹ کے پاور پراجیکٹ اور سولر پینلز کی فراہمی سمیت متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس پاور پراجیکٹ کی فنڈنگ بھی وفاقی حکومت کر رہی ہے جس پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈ پر کام جاری ہے اور مختلف کوریڈورز تعمیر کیے جا رہے ہیں جبکہ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں دانش سکولز قائم کیے جا رہے ہیں۔ گلگت بلتستان وفاقی حکومت کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے اور وہاں پیش آنے والے واقعے کی بھرپور تحقیقات جاری ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اصلاحات کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے آئی تو اس سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ نئے نظام کے نفاذ سے متاثر ہونے والے زیر التوا مقدمات کی موثر پیروی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی قانونی رکاوٹ حائل نہ ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button