اسلام آباد اور ڈھاکہ کو سسٹر سٹیز بنانے پر پیش رفت

پریس ریلیز
اسلچیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف اور بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال حسین کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ جسمیں دونوں جانب کے مابین باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک بنگلہ دیش کیساتھ تعلقات کو انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ملاقات میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے دارالحکومت اسلام آباد کی خوبصورتی اور اور سرسبز و شادابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دارلحکومت اسلام آباد کو دنیا کے خوبصورت ترین دارلخلافہ میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کمپلیکس کی تعمیر میں سی ڈی اے کی جانب سے فراہم کردہ بھرپور تعاون پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ہائی کمیشن کمپلیکس کی تعمیر اپنے حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات، تجارت اور کئی شعبوں میں معاہدات طے پا رہے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ سی ڈی اے بنگلہ دیش کمپلیکس منصوبہ سمیت ڈپلومیٹک انکلیو میں دیگر تعمیراتی کاموں کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی اپگریڈیشن سمیت دیگر بیوٹفکیشن کے کاموں کا ترجیح بنیادوں پر آغاز کر رہے ہیں۔ جسکے تحت ڈپلومیٹک انکلیو میں کھیلوں کی سہولیات میں اضافہ سمیت کلب ہاؤس جیسے منصوبے شامل ہونگے۔
ملاقات میں اسلام آباد اور ڈھاکہ کو سسٹر سٹیز کا درجہ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ دارلخلافہ اسلام آباد اور ڈھاکہ کے مابین سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنا کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر جلد اعلیٰ سطح پر دستخط ہونگے اور اس حوالے سے مسودہ تیار کرکے متعلقہ حکام کو منظوری کیلئے بھیج دیا گیا ہے
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے تعلقات ہر آنے والے دن کیساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بنگلہ دیش کے سول سروس کے افسران کی تربیت کیلئے پاکستان نے میزبانی کی اور اپنے تربیتی پروگرام کے دوران سول افسران نے مختلف شہروں کے دورہ میں اعلیٰ سرکاری عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ ان اقدامات سے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی، تعلیمی اور شہری سطح پر تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ ملاقات کے اختتام پر باہمی تعاون اور شہری سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔



