کندھکوٹ عیدگاہ محلہ میں صفائی کی بدترین صورتحال، شہری بیماریوں کے خطرے سے دوچار

کندہ کوٹ عیدگاہ محلہ میں صفائی کے ناقص انتظامات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ نالیوں کی طویل عرصے سے صفائی نہ ہونے کے باعث گندگی کے ڈھیر جمع ہو چکے ہیں جبکہ تعفن اور بدبو کے باعث پورا علاقہ آلودگی کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق نالیاں بند ہونے سے گندا پانی گلیوں میں کھڑا رہتا ہے، جس سے نہ صرف آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں بلکہ مکینوں کو صحت کے سنگین مسائل کا بھی سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ میونسپل اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
اس صورتحال سے تنگ آ کر علاقے کے رہائشی سید اسلم شاہ نے اپنی مدد آپ کے تحت خود ہی نالی کی صفائی شروع کر دی، جس پر دیگر شہریوں نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے، مگر عوام کو خود ہی مسائل حل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق گندگی، بند نالیاں اور کھڑا پانی مختلف موذی بیماریوں جیسے ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں، جس سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ سندھ، ضلعی انتظامیہ کشمور اور میونسپل کمیٹی کندھکوٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، نالیوں کی باقاعدہ صفائی یقینی بنائی جائے اور گندگی کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔



