انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 6 سالہ بچی جاں بحق، والد شدید زخمی

کشمور میں انڈس ہائی وے پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 6 سالہ بچی جاں بحق جبکہ اس کا والد شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کشمور تھانے کی حدود میں انڈس ہائی وے پر تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 6 سالہ بچی زویا موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ اس کے والد محمد صلاح شدید زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان نصیرانی برادری سے تعلق رکھتا ہے اور کشمور کے عیدگاہ محلہ کا رہائشی ہے۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے بچی کی لاش اور زخمی کو تعلقہ اسپتال منتقل کیا، جہاں سے زخمی کی تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے مزید علاج کے لیے رحیم یار خان منتقل کر دیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ٹرک کو تحویل میں لے لیا، تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔علاقہ مکینوں نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا، جبکہ گھر میں اطلاع ملتے ہی کہرام مچ گیا۔



