سرکاری سکول میں غیرقانونی تقریب پر مقدمہ درج، ضلعی انتظامیہ کا سخت ایکشن

شاہ کوٹ میں سرکاری سکول میں بلااجازت نجی تقریب منعقد کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے نامعلوم افراد نے سکول کے تالے توڑ کر اندر داخل ہو کر مبینہ طور پر غیر اخلاقی محفل کا انعقاد کیا۔
یہ مقدمہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شاہ کوٹ محمد صدیق کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں پانچ نامزد جبکہ 12 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے نہ صرف سکول کے تالے توڑے بلکہ درسگاہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے موسیقی کی محفل سجائی۔
مزید برآں، ملزمان پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری درسگاہ کی توہین کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے تقدس کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔



