سبزی منڈی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر دکاندار قتل

کشمور (سید رشید احمد شاہ) کشمور تھانے کی حدود میں سبزی منڈی کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک دکاندار کو قتل کر دیا، جس کے بعد شہر میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق صادق آباد کا رہائشی اور کریانہ اسٹور کا مالک قمر پنجابی اپنی دکان پر موجود تھا کہ اچانک مسلح ڈاکو وہاں پہنچ گئے۔ دورانِ ڈکیتی مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اس پر سیدھی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور کچھ ہی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق مقتول کی دکان پر چند روز قبل بھی ڈکیتی کی واردات ہو چکی تھی، جس کے باعث علاقے میں پہلے ہی خوف و ہراس پایا جاتا تھا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعہ کشمور تھانے سے کچھ ہی فاصلے پر پیش آیا، تاہم پولیس تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر سے موقع پر پہنچی، جس پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق پولیس کی تاخیر کے باعث ملزمان کو با آسانی فرار ہونے کا موقع مل گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں سوگ اور خوف کی فضا قائم ہے، جبکہ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا تھا۔



