پنڈدادنخان میں تعلیمی انقلاب: پنجاب گروپ آف کالجز کا بڑا اسکالرشپ پروگرام

پنڈدادنخان (سرفراز عباس) پنجاب گروپ آف کالجز پنڈدادنخان کیمپس نے طلباء و طالبات کے لیے ایک جامع اور شاندار اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جسے علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لیے بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی سلسلے میں کالج کیمپس میں “سٹار آف پنڈدادنخان” کے عنوان سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا، جس نے محفل کو روحانی رنگ عطا کیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر یاسین بلوچ اور پرنسپل راجہ ذلفقار علی نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت اور ڈی ایس پی میاں عبدالجبار بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ دیگر معزز مہمانوں میں کرنل (ر) شاہد رفیق، پروفیسر نیاز اعوان، پروفیسر فرحان، چوہدری محمد افتخار، ڈاکٹر سرفراز عباس اور دیگر تعلیمی شخصیات شامل تھیں۔
مقررین نے طلباء و طالبات کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں مزید محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی اور کہا کہ یہ کامیابی ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔
تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں شیلڈز، میڈلز، اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ “سٹار آف پنڈدادنخان” میں حفصہ فاطمہ نے پہلی، محمد عبداللہ نے دوسری جبکہ ہادیہ خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کالج انتظامیہ کے مطابق اسکالرشپ پروگرام کے تحت پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو خصوصی اسکالرشپ دی جائے گی، جبکہ ٹاپ 10 پوزیشن ہولڈرز کو 70 فیصد اور 11ویں سے 100ویں پوزیشن تک آنے والوں کو 60 فیصد اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔ مزید برآں، کلاس نہم میں 500 سے زائد نمبر حاصل کرنے والوں کو 100 فیصد اسکالرشپ دی جائے گی۔
پری فرسٹ ایئر کلاسز کا آغاز 27 اپریل 2026 سے ہوگا جبکہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 23 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر تقریباً 237 طلباء و طالبات اس اسکالرشپ پروگرام سے مستفید ہوں گے، جو علاقے میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب کے بہترین انتظامات پر پروفیسر خانزادہ عابد رضا اور پروفیسر عبدالرحمان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ اختتام پر پروفیسر قاضی عادل معینی نے ملک و قوم اور ادارے کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔



