کبوتر خانے کو آگ لگانے کا واقعہ، متاثرین کا احتجاج، ملزمان کی رہائی پر سوالات

کشمور (سید رشید احمد شاہ) کندھکوٹ میں انسپیکشن بنگلہ کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے ایک کبوتر خانے کو آگ لگا دی گئی، جس کے خلاف متاثرہ افراد نے پریس کلب کندھکوٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔متاثرین کے مطابق تین روز قبل پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں کبوتر خانے میں موجود بچوں سمیت 30 سے زائد کبوتر جل کر خاکستر ہو گئے۔ واقعے کے بعد متاثرین کی مدعیت میں دو افراد کے خلاف تھانہ اے سیکشن میں این سی درج کی گئی، تاہم پولیس نے ابتدائی طور پر دو ملزمان کو گرفتار کرنے کے باوجود مبینہ طور پر انہیں رات کے اندھیرے میں رہا کر دیا۔احتجاج کے دوران متاثرین نے الزام عائد کیا کہ انہیں انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا اور واقعے میں ملوث افراد کو تحفظ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی کشمور سے اپیل کی کہ وائلڈ لائف پروٹیکشن قوانین کے تحت بے زبان پرندوں کو زندہ جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔متاثرین کا کہنا تھا کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو وہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کریں گے۔



