بیوی اور معصوم بیٹی کے مبینہ اغوا کے خلاف شوہر کا احتجاج

کندھکوٹ اعوان محلہ کے رہائشی محنت کش علی حسن لاشاری نے اپنی بیوی اور کمسن بیٹی کے مبینہ اغوا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور میڈیا کے سامنے انصاف کی اپیل کی۔
احتجاج کے دوران علی حسن لاشاری نے بتایا کہ اس نے اپنی بیوی رحیمان بھیل سے پسند کی شادی کی تھی اور اسے مسلمان کر کے اپنے گھر لے آیا تھا، تاہم اس کی ساس پروینا بھیل اور سالے وکی بھیل، جمنو بھیل اور سنی بھیل اس شادی سے خوش نہیں تھے اور اکثر دھمکیاں دیتے تھے کہ وہ اس کی بیوی کو واپس لے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تین روز قبل وہ روزگار کے سلسلے میں گھر سے باہر گیا ہوا تھا، واپسی پر اس کی بیوی اور معصوم بیٹی گھر میں موجود نہیں تھیں۔ اس نے اپنی سسرال جا کر تلاش کیا مگر وہاں بھی کوئی سراغ نہیں ملا۔
علی حسن لاشاری نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس کی بیوی اور بیٹی کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اس نے عدالت میں درخواست بھی دائر کر دی ہے۔
مظاہرین نے حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر مغویہ خاتون اور بچی کو بازیاب کرایا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔



