نمائندگان کی خبریں

لیاقت کالونی میں محبت کا خوفناک انجام، لڑکی زندہ جل گئی

لیاقت کالونی میں محبت کا خوفناک انجام،دوست لڑکی زندہ جل گئی،نوجوان بھی شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا

چکری روڈ پر ہولناک ڈرامہ،کمرے سے جلی ہوئی خاتون کی لاش برآمد،نوجوان 90 فیصد جھلس گیا

تھانہ دھمیال کی حدود میں لرزہ خیز واقعہ،جھگڑے کے بعد آگ لگی یا سازش؟ پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) چکری روڈ کی لیاقت کالونی میں پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے نے پورے علاقے کو خوف میں مبتلا کر دیا، جہاں ایک کمرے سے نوجوان خاتون کی مکمل جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی جبکہ موقع پر موجود نوجوان شدید جھلسا ہوا پایا گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ افسوسناک واقعہ تھانہ دھمیال کی حدود میں نواب ہاؤس کے قریب پیش آیا جہاں رات گئے اچانک گھر سے دھواں اٹھنے پر اہل علاقہ میں کھلبلی مچ گئی۔ ریسکیو 1122 کو اطلاع ملتے ہی فائر اور ایمبولینس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم آگ اس وقت تک بجھ چکی تھی۔ گھر کے ایک کمرے کا تمام سامان جل کر خاکستر ہو چکا تھا جبکہ اندر موجود خاتون موقع پر دم توڑ چکی تھی۔ جائے وقوعہ کے مناظر اتنے خوفناک تھے کہ اہل علاقہ سہم کر رہ گئے۔ ذرائع کے مطابق جھلسنے والا نوجوان طالب حسین ولد عبدالرزاق سکنہ کلر سیداں ہے جو گزشتہ کئی ماہ سے اسی گھر کی بیٹھک میں رہائش پذیر تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق نوجوان رات کے وقت ایک خاتون کو اپنے ساتھ لایا تھا جو اس کی قریبی دوست بتائی جاتی ہے۔ دونوں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی اور جھگڑے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں جس کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ذرائع کے مطابق خاتون کی لاش بری طرح جھلسی ہوئی تھی جبکہ ایک ہاتھ کی دو انگلیاں بھی کٹی ہوئی پائی گئیں۔ دوسری جانب طالب حسین کا جسم 80 سے 90 فیصد تک جل چکا تھا اور وہ بیان دینے کی حالت میں نہیں تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی نوجوان کو فوری طور پر ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا جبکہ خاتون کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بھجوا دی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں مختلف افواہوں نے جنم لے لیا جبکہ شہری اس افسوسناک انجام پر حیران دکھائی دیے۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور کمرے میں جلاؤ کے نشانات سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مرد نے مبینہ طور پر خود کو اور خاتون کو آگ لگائی، جبکہ غیرت کے نام پر قتل کے شواہد تاحال سامنے نہیں آئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے میرٹ پر تحقیقات جاری ہیں اور اصل حقائق پوسٹ مارٹم و فرانزک رپورٹس کے بعد سامنے آئیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button