اہم خبریں

آر آئی یو جے کا صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام



راولپنڈی (احمد ضمیر سے) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج کے دن ہمیں ان سنگین مسائل پر غور کرنا چاہیئے جن کا صحافیوں کو پاکستان میں سامنا ہے۔ صدر طارق علی ورک، جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری، فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری اور دیگر عہدے داران نے آزادی صحافت کو جمہوریت کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں بے شمار مشکلات اور خطرات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر جبر، دھمکیوں، ہراسانی، اور بدقسمتی سے جان سے ہاتھ دھونے جیسے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، جو نہ صرف آزادی اظہار کو محدود کرتے ہیں بلکہ جمہوری اداروں کی ساکھ کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا تحفظ نہ صرف ان کا حق ہے بلکہ ہمارے سماج کی مضبوطی اور شفافیت کے لیے بھی ناگزیر ہے۔عہدے داران نے عزم کیا کہ ایسے قوانین اور اقدامات متعارف کرائے جائیں گے جو صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کریں، ان کے خلاف جرائم کی فوری اور منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں، اور انہیں بلا خوف و خطر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کا حق دیں۔عالمی سطح پر صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کا دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ان صحافیوں کو یاد کرنا ہے جو سچائی کی خاطر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ اگرچہ پاکستان میں صحافیوں کے تحفظ کا قانون موجود ہے، تاہم اس کے باوجود صحافیوں کے خلاف جرائم کے اعداد و شمار تشویشناک ہیں۔ 2000 سے 2022 تک 150 صحافیوں کے قتل کی رپورٹس ہیں، جبکہ صرف دو ملزمان کو سزائیں ملیں۔2024 کو پاکستان میں صحافیوں کے لیے مہلک ترین سال قرار دیا گیا ہے، جس میں 6 صحافیوں کو قتل کیا گیا اور 11 پر قاتلانہ حملے ہوئے۔ تنظیم کی رپورٹ کے مطابق وفاقی اور صوبائی سطح پر صحافیوں کے تحفظ کے لیے قوانین موجود ہیں، مگر حکومتیں ان قوانین کو مؤثر طریقے سے نافذ نہیں کر سکیں، جس کی وجہ سے صحافی خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ نومبر 2023 سے اگست 2024 کے دوران صحافیوں کے خلاف 57 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں سب سے زیادہ 21 واقعات سندھ میں، 13 پنجاب، 12 اسلام آباد، 7 خیبر پختونخوا، اور 2 بلوچستان میں رپورٹ ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button