تحصیل آفس راولپنڈی میں عوام رُلنے لگی، عملہ غائب – ویڈیو منظر عام پر آ گئی

راولپنڈی (احمد ضمیر سے)تحصیل آفس راولپنڈی میں عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا، عملے کی غیر حاضری معمول بن گئی۔ جائیداد کے انتقال اور دیگر قانونی امور کے لیے آنے والے شہری دفاتر کے چکر لگاتے لگاتے تھک چکے ہیں، مگر مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آ گئی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دفتر کے اوقات کار میں بیشتر کمرے خالی پڑے ہیں اور عوام بے یارو مددگار دربدر ہیں۔ ویڈیو میں شہریوں کی جانب سے سخت ردعمل بھی ریکارڈ کیا گیا ہے، جنہوں نے بتایا کہ کئی روز سے وہ یہاں چکر لگا رہے ہیں مگر کوئی سننے والا نہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ عملہ نہ صرف غیر حاضر رہتا ہے بلکہ موجود ملازمین کا رویہ بھی غیر ذمہ دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ ہوتا ہے۔ سائلین کو فائلوں میں بلاوجہ کی تاخیر، رشوت طلبی، اور غیر واضح طریقہ کار کی شکایات کا سامنا ہے۔متاثرہ افراد نے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ویڈیو ثبوت کے بعد مزید خاموشی ناقابلِ قبول ہے۔