اہم خبریں

حامد جاوید اعوان کی پہلی برسی، ایصالِ ثواب اجتماع میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کی شرکت



سابق ڈائریکٹر محکمہ تعلقات عامہ راولپنڈی ڈویژن حامد جاوید اعوان کی پہلی برسی کے موقع پر فیضانِ مدینہ مسجد، اسلام آباد میں ایصالِ ثواب کا ایک پُروقار اور روح پرور اجتماع منعقد ہوا جس میں مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب، سماجی، سیاسی اور مذہبی شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجتماع میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی وقار المدینہ عطاری نے خصوصی بیان کرتے ہوئے دنیا کی بے ثباتی، آخرت کی تیاری، نیک اعمال کی اہمیت اور ایصالِ ثواب کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس موقع پر دعوتِ اسلامی کی دینی، اصلاحی اور فلاحی خدمات کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ تحریک ملک و بیرونِ ملک لاکھوں مسلمانوں تک دینِ اسلام کی تعلیمات پہنچانے، قرآن و سنت کا پیغام عام کرنے اور معاشرے کی اصلاح کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مرحوم حامد جاوید اعوان کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا بھی کرائی۔تقریب میں سابق صوبائی وزیرِ صحت و بہبودِ آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مرحوم حامد جاوید اعوان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت مخلص، بااخلاق، دیانت دار اور انسان دوست شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی محبت، اخلاص اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ گزاری۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے ساتھ ان کی دیرینہ رفاقت رہی اور زندگی کے مختلف مراحل میں ان کی شرافت، خلوص، اعلیٰ کردار اور لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہونے کی متعدد مثالیں آج بھی ان کے ذہن میں تازہ ہیں۔ انہوں کہا کہ ایسی باکردار شخصیات بظاہر دنیا سے رخصت ہو جاتی ہیں مگر اپنے حسنِ سلوک، نیک اعمال اور لوگوں کے دلوں میں چھوڑ جانے والی محبت کی وجہ سے ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل اور استقامت نصیب فرمائے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے اپنے خطاب میں فیضانِ مدینہ اور دعوتِ اسلامی کی دینی، تعلیمی اور اصلاحی خدمات کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں قرآن و سنت کی تعلیمات عام کرنے، نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت اور معاشرے میں محبت، امن اور اعتدال کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دینی مراکز امت کا قیمتی سرمایہ ہیں جو خاموشی کے ساتھ دینِ اسلام کی اشاعت اور انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔اجتماع میں مرحوم کے صاحبزادے عزیر حامد اعوان، بھائیوں راشد اعوان، خالد جاوید اعوان، رشتہ داروں، دوستوں اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کرکے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاء نے کہا کہ حامد جاوید اعوان ایک شریف النفس، خوش اخلاق، ملنسار اور دردِ دل رکھنے والے انسان تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں محبت، اخلاص، رواداری اور خدمتِ خلق کو اپنا شعار بنائے رکھا اور اپنے بہترین اخلاق کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے جگہ بنالی۔اجتماع کے اختتام پر مرحوم سمیت تمام مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ شرکاء کی تواضع کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
٭٭٭٭٭٭

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button