سٹی فور فیڈر پر طویل لوڈشیڈنگ، شہریوں کے ساتھ انتہائی ناانصافی، عوام پریشان

واپڈا سیپکو سٹی فور فیڈر پر طویل لوڈشیڈنگ، شہریوں کے ساتھ انتہائی ناانصافی، عوام پریشان
کشمور (سید رشید احمد شاہ) کندھ کوٹ واپڈا-سیپکو سٹی فور فیڈر میں خدمات کے حوالے سے غیر منصفانہ اور غیر حساسیت کا سلسلہ جاری، لائن سپرنٹنڈنٹ شرف الدین باجکانی کی لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کے باعث شہری شدید گرمی میں بھی بجلی کی فراہمی سے محروم اطلاعات کے مطابق سٹی فور فیڈر کو بجلی کی سپلائی صبح 7 بج کر 45 منٹ پر منقطع ہوئی اور کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بحال نہیں ہو سکی۔ کندھ کوٹ گریڈ سٹیشن پر شہریوں نے سہ پہر 3 بج کر 35 منٹ پر رابطہ کیا تو شفٹ انچارج نے بتایا کہ تقریباً 12 بج کر 55 منٹ پر بجلی بند کر دی گئی تاہم اس کے بعد بھی کئی گھنٹے تک بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہوئی۔ شہریوں کے مطابق 9 گھنٹے بجلی کی عدم فراہمی سے نہ صرف کاروبار متاثر ہوئے بلکہ عام لوگوں بالخصوص بیماروں، بچوں اور بزرگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اتنی شدید گرمی میں بجلی کا نہ ہونا عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ لائن سپرنٹنڈنٹ شرف الدین باجکانی کا شہریوں کے ساتھ رویہ غیر ذمہ دارانہ، غیر پیشہ ورانہ اور دانستہ ظلم پر مبنی ہے جس کا فوری نوٹس لیا جائے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام بالخصوص سیپکو سکھر کے چیف ایگزیکٹو، ڈپٹی کمشنر کشمور اور صوبائی محکمہ توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے اور نااہل اور لاپرواہ عملے کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ آئندہ ایسی ناانصافی نہ ہو۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی بنیادی انسانی حق ہے، اس سے محروم کرنا عوام دشمنی کے مترادف ہے۔