اہم خبریں

سربراہ پاک فضائیہ سے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن حمزہ خان کی ملاقات



پاکستان اسکواش کے ابھرتے ہوئے ستارے حمزہ خان نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ حمزہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقدہ ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں شاندار فتح کے بعد آج وطن واپس پہنچے۔

اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ، جو کہ صدر پاکستان سکواش فیڈریشن کے عہدے پر بھی فائز ہیں، نے نوجوان کھلاڑی کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ قوم کو حمزہ خان پر فخر ہے جنہوں نے 36 سال بعد ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ ایسے کھلاڑی ملک کا قیمتی اثاثہ اور قوم کے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ مزید براں سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ہم نے نوجوان کھلاڑیوں کی منظم پروفائلنگ کا طریقہء کار متعارف کروایا ہے جو اسکواش کے کھلاڑیوں کی جسمانی اور تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کی نفسیاتی اور جذباتی صفات کا جائزہ لے کر ان کی پیشہ ورانہ تربیت میں ایک انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ ائیر چیف نے ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن کو حمزہ خان کو ہر قسم کی لاجسٹک اور انتظامی مدد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ نوجوان کھلاڑی کی دور جدید کے پیرامیٹرز کے مطابق تربیت کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن پاک فضائیہ کے زیر سایہ، ملک میں سکواش کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات عمل میں لائے گی۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنے پر کوچنگ سٹاف کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے اسکواش کے کھیل کی کھوئی ہوئی ساکھ بہال کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے پر فیڈریشن کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ حمزہ خان جیسے کھلاڑیوں کی بھرپور محنت اور مخلصانہ کوششوں سے پاکستان ایک بار پھر دنیائے سکواش پر راج کرے گا. سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لینے پر چیف آف آرمی اسٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا۔

حمزہ خان نے اسکواش کے کھیل کو پھر سے نئی بلندیوں پر لے جانے اور اس خواب کو عملی جامہ پہنانے کے ساتھ ساتھ بے لوث تعاون پر پاک فضائیہ کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران حمزہ نے پاکستان سکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) کی جانب سے کھیل کے فروغ کے لیے عمل میں لائے گئے بے شمار اقدامات کو بھی سراہا جن میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی ترویج و ترقی، معیاری کوچنگ کی فراہمی اور سکواش کی بہترین اکیڈمیوں کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے زیر سایہ ان اسٹریٹیجک اقدامات کی بدولت اسکواش کے کھیل کی اہمیت کو ملکی و غیر ملکی سطح پر اجاگر کر کے یہ اہم سنگ میل عبور کرنا ممکن ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button