اہم خبریں

اسپیکر قومی اسمبلی کی استنبول میں منعقدہ بین الپارلیمانی یونین کے 152 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات



اسپیکر قومی اسمبلی کی استنبول میں منعقدہ بین الپارلیمانی یونین کے 152 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے استنبول میں منعقدہ بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے 152 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر نعمان کُرتُلموش سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اہم بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ترک ہم منصب کو بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے 152 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کی میزبانی پر مبارکباد دی اور اس سلسلے میں کیے جانے والے بہترین انتظامات اور مہمان نوازی کو سراہا۔

ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی امن کے فروغ، تنازعات کے پرامن حل اور مؤثر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ و جدل کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل صرف اور صرف بات چیت اور ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور جنگ کے بعد بھی بالآخر فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کا خواہاں ہے اور ہمیشہ عالمی برادری کو امن، برداشت اور مکالمے کا پیغام دیتا آیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس امر کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ان کی عزت و تکریم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اس موقع پر ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر نعمان کُرتُلموش نے پاکستان کی جانب سے علاقائی امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت نے بروقت اور مؤثر اقدامات کے ذریعے خطے کو ایک بڑے بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

ترک اسپیکر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط خطے کے امن و استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پارلیمانی سفارتکاری کو مزید فروغ دیا جائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط، وفود کے تبادلوں اور باہمی تعاون کو وسعت دی جائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ترکیہ کی قیادت کی جانب سے پاکستان کے کردار کی تعریف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی اور علاقائی سطح پر امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button