راولپنڈی ٹریفک جام میں جکڑا شہر،شہری اذیت میں مبتلا،ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی بدترین صورتحال نے شہریوں کی روزمرہ زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے۔ پانچھ سڑکی چوک، مریڑ حسن، سی او ڈی چوک، عمار چوک، چنڈا چیچی سمیت شہر کے اہم مقامات دن کے مختلف اوقات میں شدید ٹریفک جام کا منظر پیش کر رہے ہیں، جہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں۔ ٹریفک کا یہ بحران صرف انہی علاقوں تک محدود نہیں بلکہ ڈھوک سیداں، ٹینچ بھاٹہ، گرجا روڈ، کلمہ چوک، مغل آباد، بائیس نمبر چونگی، چکری روڈ اور دھمیال روڈ پر بھی شہریوں کو گھنٹوں رینگتی ٹریفک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مناسب منصوبہ بندی اور مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث سڑکوں پر بدنظمی پھیل چکی ہے۔ دفاتر اور تعلیمی اداروں کے اوقات میں ٹریفک کا دباؤ ناقابلِ برداشت ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں ملازمین اور طلبہ تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ ایمبولینس اور دیگر ایمرجنسی سروسز کے لئے راستہ بنانا بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق کئی اہم چوکوں اور شاہراہوں پر ٹریفک اہلکاروں کی عدم موجودگی اور غیر قانونی پارکنگ صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ بعض مقامات پر سگنلز کی ناقص مانیٹرنگ، نو پارکنگ اور تجاوزات کے باعث ٹریفک مکمل طور پر جام ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرے، ٹریفک سگنلز کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور غلط و غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ پانچھ سڑکی چوک، سی او ڈی چوک، عمار چوک اور دیگر مصروف علاقوں میں ٹریفک مینجمنٹ کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ شہری روزمرہ کی اس اذیت سے نجات حاصل کر سکیں۔



