راولپنڈی SNGPL کی شہری شکایت پر فوری کارروائی – گیس لیکج کا مسئلہ بروقت حل

راولپنڈی (احمد ضمیر سے) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) راولپنڈی کے پی آر او یاسر عزیر اور کمپلینٹ ہیڈ سجاد نے ایک شہری کی جانب سے گیس لیکج کی شکایت پر فوری اور مؤثر ایکشن لیتے ہوئے نہ صرف بروقت ٹیم روانہ کی بلکہ موقع پر جا کر مسئلے کا جائزہ بھی لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے ایک رہائشی علاقے میں شہری نے گیس کے مسلسل اخراج کی شکایت متعلقہ حکام تک
پہنچائی، جس پر SNGPL کے افسران نے تاخیر کیے بغیر ایک ماہر ٹیم کو روانہ کیا۔ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے اور انتہائی مہارت اور مستعدی سے گیس لیکج کو کنٹرول کرتے ہوئے مسئلہ حل کیا۔ذرائع کے مطابق اگر اس گیس لیکج پر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو کسی بھی قسم کے سنگین حادثے کا خطرہ پیدا ہو سکتا تھا۔ SNGPL کی اس تیز رفتار اور ذمہ دارانہ کارروائی نے نہ صرف ایک ممکنہ خطرے کو ٹال دیا بلکہ ادارے کی ساکھ کو بھی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔شہری نے ادارے کی فوری توجہ اور پیشہ ورانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح تمام شکایات پر بروقت عمل کیا جائے تو عوام کا اعتماد اداروں پر بحال ہو سکتا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر پی آر او یاسر عزیر اور کمپلینٹ انچارج سجاد کی بروقت توجہ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔شہری حلقوں نے بھی SNGPL کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ عوامی شکایات پر اسی جذبے اور تندہی سے ردعمل جاری رکھا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے اور شہریوں کو گیس جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔