اہم خبریں

سرائیکی جرنلسٹس فورم پاکستان کے وفد کی پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل سے ملاقات

سرائیکی جرنلسٹس فورم پاکستان کے وفد کی پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل سے ملاقات، صحافیوں کے مسائل اور تربیت پر تفصیلی تبادلہ خیال

وفد کی جانب سے رئیسہ عادل کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار

صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، اخبارات کے مسائل اور واجبات کی بروقت ادائیگی پر گفتگو، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

سرائیکی جرنلسٹس فورم پاکستان کے صدر یاور عباس بخاری کی قیادت میں ایک وفد نے نئی تعینات ہونے والی پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) محترمہ رئیسہ عادل سے ملاقات کرکے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، علاقائی صحافیوں اور اخبارات کو درپیش مسائل، سرکاری اشتہارات و واجبات کی بروقت ادائیگی، اور میڈیا کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سرائیکی جرنلسٹس فورم پاکستان کے وفد میں چیئرمین مجاہد بھٹی، سیکرٹری نیئر سرحدی، جوائنٹ سیکرٹری اعجاز علی ساغر، فنانس سیکرٹری طارق نصیر راؤ، گورننگ باڈی کے رکن عتیق الرحمن سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
وفد نے رئیسہ عادل کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور میڈیا کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
صدر سرائیکی جرنلسٹس فورم پاکستان یاور عباس بخاری نے بتایا کہ سرائیکی وسیب میں تقریباً 150 سے 200 پریس کلب، 5 ہزار سے 7 ہزار صحافی، اور 200 سے 300 اخبارات و جرائد صحافتی خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی بڑی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی سرائیکی خطے سے تعلق رکھنے والے صحافی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، لہٰذا ان سمیت تمام صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔
یاور عباس بخاری نے سرائیکی خطے میں صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے جامع تربیتی پروگرام شروع کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے فورم کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں ایک جامع تجویز (پروپوزل) تیار کرکے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو پیش کی جائے گی۔
پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ صحافی برادری کی پیشہ ورانہ ترقی، فلاح و بہبود اور میڈیا کو درپیش مسائل کے حل کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی تربیت کے لیے مؤثر پروگرامز متعارف کرانے، اخبارات کے مسائل کے حل اور دیگر متعلقہ معاملات میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے سرائیکی جرنلسٹس فورم پاکستان کی صحافیوں کی تربیت، مثبت صحافت کے فروغ اور پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں جانب سے باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی تربیت کے لیے مؤثر پروگرامز متعارف کرانے، اخبارات کو درپیش مسائل کے حل اور متعلقہ معاملات میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافت ایک ذمہ دار پیشہ ہے اور صحافیوں کو بہتر سہولیات اور سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ میڈیا کے ساتھ باہمی اعتماد، مسلسل رابطے اور مشاورت کے ذریعے درپیش مسائل کا مؤثر حل تلاش کیا جائے گا۔
وفد نے محترمہ رئیسہ عادل کی مثبت سوچ اور مسائل کے حل میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور صحافتی برادری کے درمیان تعاون مزید فروغ پائے گا اور صحافیوں و اخبارات کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر پیش رفت سامنے آئے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button