اہم خبریں

سرائیکی جرنلسٹس فورم کا نیشنل پریس کلب کے الیکشن میں اپنے پینل کے ساتھ حصہ لینے کا فیصلہ



سرائیکی جرنلسٹس فورم پاکستان کے ایک اہم اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نیشنل پریس کلب کے الیکشن میں اہم نشستوں پر فورم اپنے امیدوار میدان میں اتارے گا۔
منگل کے روز نیشنل پریس کلب میں ہونے والے فورم کی کابینہ کے اجلاس جس کی صدارت فورم کے صدر یاور عباس بخاری نے کی، میں اکثریت رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ فورم اپنے پینل کے ساتھ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گا۔
اس سلسلے میں ایک بااختیار الیکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو امیدواروں کے حتمی ناموں کا فیصلہ کرے گی۔ کمیٹی کو ممکنہ اتحاد کے حوالے سے فیصلے کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق کمیٹی کے ارکان میں چیئرمین فورم مجاہد بھٹی، صدر یاور عباس بخاری، جنرل سیکرٹری نیئر سرحدی، فنانس سیکرٹری طارق نصیر راؤ، نائب صدر فرحت فاطمہ اور جوائنٹ سیکرٹری ناصر عباس شامل ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ انتخابی مہم منظم اور مؤثر انداز سےچلائی جائے گی۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ فورم کی مشاورت کے بغیر اپنی مرضی سے انتخاب لڑنے والے کسی بھی سرائیکی امیدوار کو سرائیکی جرنلسٹس کا نمائندہ تصور نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں فورم کی ممبرشپ مہم پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سرائیکی جرنلسٹس فورم کے ممبرشپ کارڈز اسی ماہ جاری کیے جائیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر یاور عباس بخاری نے کہا کہ سرائیکی صحافیوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی ان کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرائیکی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں، جبکہ صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں مختلف اداروں کے ساتھ معاہدے بھی کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں طارق کلیم اور دلشاد مہور پر مشتمل ایک ادبی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو عالمی یومِ زبان کے موقع پر سرائیکی پروگرام کے انعقاد کے لیے اقدامات کرے گی۔
اس موقع پر چیئرمین فورم مجاہد بھٹی, جنرل سیکرٹری نیر سرحدی، فنانس سیکرٹری طارق نصیر راؤ،  نائب صدر فرحت فاطمہ اور جوائنٹ سیکرٹری ناصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورم سرائیکی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا رہے گا اور صحافیوں کے مسائل کو ادارہ جاتی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرائیکی جرنلسٹس فورم مستقبل میں بھی مزید ایسے معاہدے کرے گا تاکہ سرائیکی صحافیوں کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافت ایک سخت اور ذمہ دارانہ پیشہ ہے اور صحت مند صحافی ہی بہتر انداز سے معاشرتی کردار ادا کر سکتا ہے۔
اجلاس میں گزشتہ دنوں فوت ہونے والے صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ اجلاس میں مسجد خدیجۃ الکبریٰ کے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔ اجلاس نے زخمیوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سینئر سرائیکی صحافیوں سے ملاقات کی جائے گی اور ان کی مشاورت سے فورم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کے جلد وسیب کے اضلاع کا دورہ کیا جائے گا جس میں ہر شہر میں سرائیکی صحافیوں سے ملاقاتیں کی جائیں گیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button