سیپکو کا بجلی چوروں کے خلاف بڑا آپریشن

کندھ کوٹ: سیپکو کا بجلی چوروں کے خلاف بڑا آپریشن، کنڈا کنیکشن کاٹے گئے، مزاحمت پر مقدمہ درج
کندھ کوٹ شہر میں بجلی چوری کے خلاف سیپکو کی جانب سے بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا۔ ایس ڈی او شوکت علی سومرو اور ایکسین اسرار احمد باجکانی کی قیادت میں سٹی پارک کے قریب اور دیگر علاقوں میں غیر قانونی کنڈا کنیکشنز کے خلاف آپریشن کیا گیا، جس دوران کئی گھروں اور دکانوں سے بجلی چوری کے کنیکشن منقطع کیے گئے۔کارروائی کے دوران جب ٹیم نے سٹی پارک کے قریب واقع منظور احمد بنگوار نامی شخص کے مارکیٹ اور گھر کا غیر قانونی کنڈا کنیکشن کاٹا تو اس نے ایس ڈی او شوکت سومرو کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ صورتحال کے پیشِ نظر سیپکو عملہ فوری طور پر تھانہ سی سیکشن پہنچا اور منظور احمد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ایس ڈی او شوکت سومرو کا کہنا تھا کہ کندھ کوٹ شہر میں کنڈا مافیا کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری ہے۔ جو بھی غیر قانونی طریقے سے بجلی استعمال کر رہا ہے، اُس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل ہے کہ قانونی طریقے سے میٹر لگوائیں اور بجلی کا استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری کام میں مداخلت اور اہلکاروں کو دھمکانے والے افراد کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔شہری حلقوں نے سیپکو کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف یہ مہم مسلسل جاری رکھی جائے اور بااثر افراد کے خلاف بھی بلا امتیاز ایکشن لیا جائے تاکہ قومی خزانے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔