مہنگائی کے خلاف دھرنا، 10مطالبات سامنے آگئے

اسلام آباد (نمائندہ عوامی للکار)مہنگائی کے خلاف دھرنا دینے والی جماعت اسلامی کے حکومت کے سامنے رکھے گئے 10مطالبات سامنے آگئے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو 50 فیصد رعایت دے۔جماعت اسلامی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے، مذاکراتی کمیٹی کی سربراہی لیاقت بلوچ کریں گے۔جماعت اسلامی کے مطالبات میں کہا گیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی ختم اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 20 فیصد کمی لائی جائے، اسٹیشنری آئٹمز پر لگائے گئے ٹیکسز فوری ختم کیے جائیں۔حکومتی اخراجات کم کرکے غیر ترقیاتی اخراجات پر 35 فیصد کٹ لگایا جائے، کیپیسٹی چارجز اور آئی پی پیز کو ڈالروں میں ادائیگی کرنے کا معاہدہ ختم کیا جائے، آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے تمام معاہدوں کا ازسر نو جائزہ لیا جائے۔جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ زراعت اور صنعت پر ناجائز ٹیکس ختم اور 50 فیصد بوجھ کم کیا جائے، صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو روزگار ملے، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس ختم اور مراعات یافتہ طبقے کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔