کندھ کوٹ بخشاپور کے قریب بارودی مواد کا دھماکا تین چرواہے جاں بحق

کندھ کوٹ بخشاپور کے قریب بارودی مواد کا دھماکا تین چرواہے جاں بحق
کندھ کوٹ (علی نوازشیخ)
کندھ کوٹ بخشاپور کے قریب اس وقت خوفناک صورتحال پیدا ہوگئی جب زیرِ زمین دبے بارودی مواد میں اچانک زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں گولا برادری کے تین چرواہے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا

پولیس کے مطابق چرواہے معمول کے مطابق مویشی چرا رہے تھے کہ اچانک ان میں سے ایک کا قدم زمین میں دبے بارودی مواد پر پڑ گیا دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس نے تینوں چرواہوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے دھماکے کے بعد مویشی بدک کر چاروں طرف بھاگ گئے جن میں سے کچھ زخمی بھی ہوئے
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں پولیس نے دھماکے کے مقام کے اطراف سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ بارودی مواد کی نوعیت اور اس کے ممکنہ ذرائع کا پتا چلایا جا سکے
علاقے کے لوگوں نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کی مکمل سرچنگ کی جائے اور ہر طرح کا بارودی مواد ہٹا کر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے
لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے قانونی کارروائی اور تحقیقات شروع کر دی ہیں پولیس کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں تک رسائی کے لیے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے



