آئی ٹی یو (ITU) آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان کی نمایاں بہتری

انڈیکس (IDI) اسکور 56.4 سے بڑھ کر 67.7 ہو گیا، پاکستان نے 20 فیصد نسبتی بہتری ریکارڈ کی ہے۔
پاکستان نے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی ہے،
جو کہ ملک کے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے اشاریوں میں واضح ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان کا آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس اسکور 2025 میں 56.4 سے بڑھ کر 2026 میں 67.7 ہو گیا ہے،
جو کہ 20 فیصد نسبتی بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان نے کنیکٹیویٹی پلر (connectivity pillar) میں بھی 22.8 پوائنٹس کی بہتری ریکارڈ کی ہے “مینینگ فل کنیکٹیویٹی” (Meaningful Connectiviy میں 79 کا اسکور حاصل کیا، اور اپنی مجموعی پوزیشن میں 27 درجے کی بہتری دکھائی۔
آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس کا حساب 2023 میں واضع کردہ ایک نظرثانی شدہ طریقہ کار کے تحت لگایا جاتا ہے۔ یہ انڈیکس بامقصد کنیکٹیویٹی پر زور دیتا ہے اور یہ دو اہم شعبوں پر مبنی ہوتا ہے:
*یونیورسل کنیکٹیویٹی (Universal Connectivity):*
جو نیٹ ورکس اور انفراسٹرکچر کی دستیابی کی پیمائش کرتا ہے۔
*بامقصد کنیکٹیویٹی (Meaningful Connectivity):*
جو ڈیجیٹل کنکشنز کی پائیداری، سستی دستیابی اور شمولیت کا جائزہ لیتا ہے، بشمول ڈیوائسز کی ملکیت اور ڈیٹا ٹریفک۔
اس حوالے سے
*وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن، شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ:*
“آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی یہ بہتری وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن اور ان کی قیادت میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹرز کے لیے حکومت کی مسلسل ترجیحات کی عکاس ہے۔”
انہوں نے کہا کہ بہتر آئی سی ٹی اشاریے براہ راست تعلیم، روزگار، فری لانسنگ، انٹرپرینیورشپ، کاروباری سرگرمیوں اور ڈیجیٹل پبلک سروسز سے منسلک ہیں، خاص طور پر نوجوانوں اور ڈیجیٹل ورک فورس کے لیے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت قابل اعتماد اور سستی کنیکٹیویٹی کو وسعت دینے، سروس کے معیار کو بہتر بنانے، ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے اور آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انڈیکس میں پاکستان کی یہ پیش رفت ڈیجیٹل ایکو سسٹم، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور ترقیاتی شراکت داروں کے لیے مثبت اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ ملک اپنی ڈیجیٹل بنیادوں کو مضبوط بنانے اور ایک زیادہ شمولیت والی ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھنے کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
ITU آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان کی پیش رفت وسیع تر ڈیجیٹل رسائی، بہتر قومی تیاری اور ٹیکنالوجی کی قیادت میں اقتصادی ترقی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔



