یو ای ٹی کے طلبہ کی اشیاء میں جدت، نفاست اور ہنر کی جھلک، ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ میں شاندار نمائش

لاہور (ایمن سعید) یونی ورسٹی آف انجینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے شعبہ پراڈکٹ اینڈ انڈسٹریل ڈیزائن کے ہونہار طلبہ کی جانب سے سیشن 22 کے چھٹے سمسٹر میں ایک شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں عملی میدان سے روشناس کرانا تھا۔ یہ سرگرمی اسٹنٹ پروفیسرمحترمہ انعم شمشاد کی زیرِ نگرانی مینجمنٹ کے مضمون کے ایک منصوبے کے طور پر منعقد ہوئی۔نمائش کا وقت دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک مقرر کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ علمی و تخلیقی سرگرمی نہ صرف طلبہ کے اندر موجود کاروباری شعور کو نکھارنے کا باعث بنی، بلکہ ان کی خود اعتمادی اور عملی صلاحیتوں کو بھی جلا بخشی۔ تمام اساتذہ بشمول ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر عاطف بلال نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، طلبہ کے کام کو سراہا اور ان کی بنائی گئی اشیاء بھی خریدیں، جو طلبہ کے لیے نہایت حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنی۔اس نمائش میں مختلف موضوعات پر مبنی دستکاری اور مصنوعات پیش کی گئیں جن میں ریزن سے بنے دلکش آئینے، تھری ڈی پرنٹڈ جیولری، ہاتھ سے تیار کردہ بریسلیٹ، اسٹیشنری کے منفرد اشیاء جیسے کیلنڈرز، نوٹ پیڈز، اور ڈائریاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ بالوں کے لوازمات، سجاوٹی لیمپس، دیواری گھڑیاں، کوسٹرز، کی چینز، پودوں کے گملے، موبائل کورز اور پاؤچز بھی نمائش کا حصہ تھے۔ ہر شے میں جدت، نفاست اور فنکارانہ مہارت کی جھلک نمایاں تھی۔اس نمائش میں شریک برانڈز میں آئینہ، پوکی، ون ڈاٹ،کیس کرافٹی، اسکرپٹک، میراکی اور ایلف شامل تھے، جنہوں نے نہ صرف انفرادی سوچ بلکہ گروہی تعاون کی عمدہ مثالیں پیش کیں۔ طلبہ نے اپنے ذاتی برانڈز کے تحت مصنوعات تیار کر کے پیش کیں، جو اس بات کی دلیل ہے کہ نئی نسل میں تخلیقی ہنر اور کاروباری شعور موجود ہے اور اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنے خیالات کو حقیقت کا روپ دے سکتے ہیں۔صرف چار گھنٹوں میں ہی مختلف اسٹالز نے خاطر خواہ منافع حاصل کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سرگرمی تعلیمی کے ساتھ ساتھ عملی کامیابی کا بھی ذریعہ بنی۔ ایسی سرگرمیوں کا تواتر سے انعقاد وقت کی ضرورت ہے تاکہ تعلیمی ادارے تخلیقی اظہار، عملی تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے مراکز بن سکیں۔