فیول ریلیف اسکیم کے تحت 52 ارب روپے سے زائد سبسڈی فراہم، 10 کروڑ ٹوکنز ریڈیم

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر شروع کی گئی فیول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر میں اب تک 10 کروڑ سے زائد ٹوکنز ریڈیم ہو چکے ہیں، جبکہ ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد افراد اس اسکیم سے براہِ راست مستفید ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق گھریلو سطح پر تقریباً 9 کروڑ سے زائد پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں اور عوام کو 52 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی فراہم کی جا چکی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ تقریباً ڈھائی ماہ قبل مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا اور پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 400 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی۔ ان حالات میں وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کیا اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کو تین سے چار روز میں ایسی اسکیم تیار کرنے کی ہدایت کی جس کے ذریعے غریب اور مستحق طبقے کو ہدفی سبسڈی فراہم کی جا سکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق عوامی تجاویز کی روشنی میں اسکیم کے طریقہ کار میں بہتریاں متعارف کروائی گئیں۔ موٹر سائیکلوں کے لیے ابتدائی طور پر مقرر دس سال کی عمر کی حد بڑھا کر 20 سال کر دی گئی، جبکہ رجسٹریشن کے لیے ایس ایم ایس سہولت مفت فراہم کی گئی۔ موٹر سائیکل سواروں کو 500 روپے تک اور 800 سی سی سے کم گاڑیوں کے صارفین کو 1,000 روپے تک مفت پیٹرول کی سہولت دی جا رہی ہے؛ مقررہ حد سے زائد پیٹرول کی قیمت صارفین خود ادا کرتے ہیں۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اسکیم میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے سبسڈی مستحق افراد تک پہنچانے اور نگرانی کا نظام قائم کیا گیا۔ موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی سے کم گاڑیوں کے لیے ہدفی سبسڈی متعارف کروائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے انٹرنیٹ یا اسمارٹ فون ضروری نہیں؛ عام 2G موبائل فون سے بھی ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن اور ٹوکن حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا جہاں متعلقہ اداروں کے افسران تین شفٹوں میں 24 گھنٹے خدمات انجام دیتے رہے۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی سربراہی میں اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ عمل درآمد کی نگرانی کے لیے باقاعدہ اجلاس منعقد کیے گئے۔ وزارتِ پیٹرولیم، اوگرا، وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، ٹیلی کام آپریٹرز، صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور نجی شعبے نے بھی تعاون کیا۔
شزہ فاطمہ خواجہ کے مطابق عوامی شکایات کے اندراج کے لیے 9771 جبکہ پیٹرول پمپس کے مسائل اور ادائیگیوں سے متعلق شکایات کے لیے 9772 ہیلپ لائن مختص کی گئی۔ شکایات کو ریکارڈ کرکے ان کے حل کے لیے اقدامات کیے گئے، جبکہ اسٹیٹ بینک نے پیٹرول اسٹیشنز کو 24 گھنٹوں کے اندر ادائیگیوں کی فراہمی میں تعاون کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 10 کروڑ سے زائد ٹوکنز کا ریڈیم ہونا، ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد افراد کی براہِ راست شمولیت اور 52 ارب روپے سے زائد سبسڈی کی فراہمی اسکیم کے دائرہ کار کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اسکیم میں تعاون کرنے والے تمام اداروں، صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا۔


