باغی رائٹرز ایوارڈ کی تقریب، 2027 کے لیے ادبی منصوبوں کا اعلان

گوجرخان (قمر شہزاد): پاکستان کے سینئر صحافی اور اینکر پرسن مبشر لقمان کی سرپرستی میں باغی رائٹرز فورم کے زیر اہتمام باغی رائٹرز ایوارڈ کی پروقار تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے اہلِ قلم، صحافیوں، ادبی شخصیات اور خواتین لکھاریوں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی مبشر لقمان تھے، جبکہ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سینئر صحافی و اینکر نعیم حنیف، گوہر بٹ، گروپ ایڈیٹر روزنامہ مشرق اشرف سہیل، ایم ایم علی، ملک یعقوب اعوان، ممتاز اعوان اور دیگر شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
مبشر لقمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باغی اختلافِ رائے، آزادانہ اظہار اور مثبت تنقید کا ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں مختلف نظریات رکھنے والوں کو عزت و احترام کے ساتھ اپنی بات کہنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت میں اختلاف ضرور ہونا چاہیے، تاہم شائستگی اور اخلاقی حدود برقرار رہنی چاہئیں۔
انہوں نے باغی کی قیادت سے الگ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ممتاز اعوان کو باغی ٹی وی کا ایڈیٹر انچیف مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی سربراہی ایسے شخص کو ملنی چاہیے جو اپنی محنت، صلاحیت اور وابستگی سے اس کا حق دار ہو۔
مبشر لقمان نے بتایا کہ باغی ٹی وی کو پبلک لمیٹڈ کمپنی بنانے اور آئی پی او کی تیاری جاری ہے۔ انہوں نے ماضی میں مشکل وقت کے دوران آٹھ ماہ تک بغیر تنخواہ کام کرنے والے 40 ساتھیوں کو شیئرز دے کر ادارے میں حصہ دار بنانے کا اعلان بھی کیا۔
تقریب میں ہر تین ماہ بعد قلم کاروں کی تحریروں، کالموں اور شاعری پر مشتمل کتاب شائع کرنے، اگلی باغی رائٹرز ایوارڈ تقریب 11 جنوری 2027 کو ممکنہ طور پر اسلام آباد میں منعقد کرنے اور بچوں و نوجوانوں کے لیے الگ ادبی پلیٹ فارم بنانے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا گیا۔
باغی رائٹرز فورم کے بانی ممتاز اعوان نے بتایا کہ فورم میں ملک و بیرون ملک سے 230 سے زائد اراکین شامل ہیں، جن کی تحریریں روزانہ باغی ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے آئندہ ویب سائٹ پر آن لائن بک اسٹور قائم کرنے، جنوری 2027 سے باغی کے نام سے سہ ماہی میگزین شروع کرنے اور باغی پبلشر کے تحت لکھاریوں کی کتابیں شائع کرنے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
تقریب سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، نعیم حنیف، ایم ایم علی، ملک یعقوب اعوان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا اور باغی رائٹرز فورم کی ادبی و صحافتی سرگرمیوں کو سراہا۔ مقررین نے کتاب دوستی اور اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
تقریب کے دوران باغی رائٹرز فورم کے 40 قلم کاروں کی تحریروں پر مشتمل کتاب ”باغی کے قلم کار“ کی رونمائی کی گئی، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے لکھاریوں میں شیلڈز، سرٹیفکیٹس اور کتابیں تقسیم کی گئیں۔



