آر آئی سی میں دل کے آپریشنز بلا تعطل جاری، والو کی نئی سپلائی 15 روز میں متوقع

راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (RIC) کے ترجمان نے ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خبر میں دکھایا گیا مریض ایمرجنسی کیس نہیں بلکہ الیکٹو (Elective) سرجری کا منتظر تھا، جس میں فوری آپریشن طبی طور پر ضروری نہیں ہوتا
۔ترجمان نے واضح کیا کہ ایمرجنسی اور ارجنٹ مریضوں کے آپریشن کے لیے مطلوبہ والو دستیاب ہیں اور کسی بھی ہنگامی مریض کا آپریشن والو کی عدم دستیابی کے باعث نہیں روکا گیا۔ تمام مریضوں کی سرجری کی ترجیح ان کی طبی حالت اور رجسٹریشن کی تاریخ کے مطابق طے کی جاتی ہے، نہ کہ ادائیگی یا پروگرام کی بنیاد پر۔
مرکزی ٹینڈر پر قانونی حکمِ امتناعی کے باعث الیکٹو کیسز کے لیے والو کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوئی تھی۔ تاہم، پنجاب پروکیورمنٹ رولز کے تحت دوبارہ ٹینڈر مکمل کرکے کامیاب بولی دہندہ کو لیٹر آف انٹینٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ نئی سپلائی 15 دن کے اندر متوقع ہے۔ترجمان کے مطابق جولائی 2026 سے اب تک سرکاری صحت پروگراموں کے تحت 320 بالغ مریضوں کی اوپن ہارٹ سرجری اور 236 بچوں کے کارڈیک پروسیجرز مفت انجام دیے جا چکے ہیں۔
ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آر آئی سی میں ہر مریض کو بلا امتیاز یکساں معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ مزید برآں، میڈیا سے اپیل کی گئی ہے کہ مریضوں کی ذاتی معلومات، بشمول نام، شناختی کارڈ اور فون نمبر، نشر کرنے سے گریز کیا جائے اور خبر کی اشاعت یا نشریات سے قبل ادارے کا مؤقف ضرور حاصل کیا جائے۔



