وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم پنجاب بھر میں کامیابی سے جاری، 46 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ

سبسڈی والا پٹرول فراہم کرنے سے انکار کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی: افتخار علی سہو
لاہور (پ۔ر) ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم پنجاب بھر میں کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 46 لاکھ سے زائد افراد سکیم کے لیے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں اب تک 55 لاکھ افراد کو فیول سبسڈی کے ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 44 لاکھ سے زائد افراد ٹوکن حاصل کرکے وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم سے استفادہ کر چکے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر کے 6,420 پٹرول پمپس پر وزیراعظم فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ سکیم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پنجاب بھر میں مختلف انسپکشن ٹیمیں پٹرول پمپس کے دورے کر رہی ہیں۔افتخار علی سہو نے کہا کہ پٹرول پمپس مالکان کو واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔ سبسڈی والا پٹرول فراہم کرنے سے انکار کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سکیم کو کامیاب بنانے کے لیے پنجاب بھر کے متعلقہ فیلڈ افسران پوری طرح متحرک ہیں اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب نے مزید کہا کہ عوام کی رہنمائی اور سہولت کے لیے تمام پٹرول پمپس پر ہیلپ ڈیسک قائم ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ افراد خود کو رجسٹرڈ کروائیں اور وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم سے استفادہ کریں۔
٭٭٭٭



