ترقیاتی منصوبوں کی سست روی بے نقاب،ادھورے کام شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئے

پی پی 11 میں ترقیاتی منصوبوں کی سست روی بے نقاب،ادھورے کام شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئے
چکری روڈ،گرجا روڈ اور لنک روڈز پر نامکمل تعمیرات،حادثات میں اضافہ،عوام بنیادی سہولیات سے محروم
راولپنڈی (عبدالرحمان سے) حلقہ پی پی 11 میں جاری ترقیاتی منصوبے سست روی، ناقص منصوبہ بندی اور ادھورے تعمیراتی کاموں کے باعث شدید عوامی تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ علاقے کے مختلف حصوں میں سڑکوں اور نکاسی آب کے منصوبے مکمل نہ ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ ترقیاتی دعوے بھی سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چکری روڈ، گرجا روڈ، گرجا لنک روڈ اور دھمیال اڈیالہ لنک روڈ پر متعدد مقامات پر تعمیراتی کام ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ کھدائی، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث روزانہ ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور حادثات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مقامی آبادی کے مطابق بعض مقامات پر سڑکوں کی تعمیر کے معیار اور کام کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کا فقدان نظر آ رہا ہے، جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب موہڑہ چھپڑ میں نالے کی صفائی اور بحالی کا منصوبہ بھی تاحال مکمل نہیں کیا جا سکا، جس سے نکاسی آب کے مسائل مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اسی طرح دھمیال اڈیالہ لنک روڈ پر پہلے سڑک کی تعمیر اور بعد ازاں نالے کی کھدائی شروع کیے جانے کو شہری ناقص منصوبہ بندی کی مثال قرار دے رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حلقہ پی پی 11 میں ترقیاتی کاموں کی موجودہ صورتحال کے باعث عوام شدید ذہنی اذیت اور سفری مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ طلبہ، ملازمین اور مریضوں کو روزانہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر راولپنڈی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ادھورے اور مبینہ ناقص تعمیراتی کاموں کی تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور عوامی مشکلات کے فوری ازالے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔



