بالائی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، کشمیر ،گلگت بلتستان، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے سا تھ بارش جبکہ چند مقاما ت پر ژالہ باری کی توقع ہے۔اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقاما ت پر درمیانی سے تیز بارش کا بھی امکان ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی رات تیز بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیر اورگلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کا امکان ہے۔ژالہ باری اور تیز ہواؤں،آندھی کے باعث بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کھڑی تیار فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے،اس دوران تیز ہواؤں،آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور انفراسٹرکچر (بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔کل اتوار کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور میدانی علاقوں میں گرم رہنے کی توقع ہے تاہم بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار،کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے سا تھ چند مقاما ت پربارش کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےدیگرعلاقوں میں موسم خشک اور گرم رہاتاہم خیبر پختونخوا ، بالائی پنجاب،کشمیر،گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا میں پاراچنار 53، پٹن 26، مالم جبہ 20، دیر (بالائی 13، زیریں 11)، میر کھنی 13، کالام، ڈی آئی خان ایئرپورٹ 12، سیدو شریف 11، ڈی آئی خان سٹی 09، دروش 07، بالاکوٹ 06، کاکول 05، چراٹ 03، بنوں 02 اور تخت بائی 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کشمیر میں مظفرآباد (ایئرپورٹ 16، سٹی 08)، گڑھی دوپٹہ 07 اور راولاکوٹ 01 ملی میٹر بارش ہوئی۔بلوچستان میں ژوب 05 ملی میٹر جبکہ پنجاب میں بھکر 03، مری 02، منڈی بہاؤالدین اور جوہرآباد 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گلگت بلتستان میں گلگت، اسکردو اور استور میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ہفتہ کو ریکارڈ کئےگئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد 41،حیدرآباد اور چھور میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔



