ڈرینج اسکیم ادھوری، شہری گندے پانی اور بدانتظامی سے پریشان

کندھکوٹ (سید رشید احمد شاہ) مسن موڑ سے بھگوان داس شادی ہال تا سندھ ڑورو تک بچھائی جانے والی پبلک ہیلتھ ڈرینج پائپ لائن اسکیم ادھوری چھوڑ دی گئی ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ ٹھیکیدار مبینہ طور پر کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہو چکا ہے جس سے منصوبہ تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے شہریوں کو بہتر نکاسی آب کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اس منصوبے کی منظوری دی گئی تھی، تاہم کئی سال گزرنے کے باوجود اسکیم مکمل نہ ہو سکی۔ علاقے میں نصب ٹرانسفارمر بھی خراب پڑا ہے جس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہے جبکہ موٹرز کی چوری کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ادھورے منصوبے کے باوجود ڈرینج سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا، جو صرف نمائشی اقدام ثابت ہوا۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ مبینہ رشوت کے تنازع کے باعث اسکیم کو مکمل طور پر فعال نہیں کیا گیا جبکہ ٹھیکیدار کی عدم موجودگی سے کام مکمل طور پر رک چکا ہے۔
بارشوں کے دوران گندا پانی سڑکوں پر جمع ہو کر گھروں میں داخل ہو جاتا ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔
متاثرہ شہریوں نے منتخب نمائندوں اور ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادھورے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے اور ڈرینج سسٹم کو فعال بنا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔



