اشتیاق عباسی قتل کیس میں اہم پیش رفت، مرکزی ملزم کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری

اسلام آباد اشتیاق عباسی قتل کیس میں اہم پیش رفت، مرکزی ملزم کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری
اسلام آباد (احمد ضمیر سے) تھانہ کھنہ کی حدود میں معروف سیاسی و سماجی شخصیت اشتیاق عباسی کے قتل کیس میں پولیس کی کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں، اور تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے مرکزی ملزم عامر عرف منشیات فروش کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کھنہ کے علاقے میں قائم اس کا ڈیرہ مسمار کر دیا ہے۔پولیس نے ملزم کے آبائی علاقے، ملکوال ضلع منڈی بہاؤالدین میں بھی ریڈ کیا جبکہ اسپیشل ٹیموں نے سرگودھا میں اس کے قریبی رشتہ داروں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کا حقیقی بھائی، جو کہ ڈائلیسس کا مریض ہے، سرگودھا میں رشتہ داروں کے گھر سے فرار ہونے میں کامیاب۔اس کیس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے مختلف اضلاع میں مربوط کارروائیاں کی ہیں۔ ان کارروائیوں کی قیادت براہ راست آئی جی اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشن اور ایس پی سواں زون کے احکامات پر کی جا رہی ہے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے دیگر شہروں میں بروقت اور جرأت مندانہ کارروائیاں کروائیں، جو قابلِ داد ہیں۔ عوام نے اسلام آباد پولیس کے پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد قاتل قانون کی گرفت میں ہوں گے اور اشتیاق عباسی کو انصاف ضرور ملے گا۔