اہم خبریں

سی ڈی اے اور پی سی بی کے درمیان ایم او یو پر دستخط

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مابین وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرکٹ گراؤنڈز کی اپگریڈیشن اور کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد سے ملاقات کے دوران ہوئے۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ کلچر سمیت سی ڈی اے کے دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ایم او یو کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوان کھلاڑیوں میں کرکٹ کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائیگا۔ اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ یہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نہ صرف کھلاڑیوں کی شفاف سلیکشن میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ انہیں کوچنگ اور بین الاقوامی معیار کی تربیت بھی فراہم کرے گا۔ ایم او یو کے تحت پی سی بی اسلام آباد میں دو کرکٹ گراونڈز کی اپگریڈیشن میں سی ڈی اے کی معاونت بھی کریگا۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں کرکٹ کے فروغ کیلئے سی ڈی اے کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے وفاقی دارالحکومت میں کرکٹ کو فروغ کیساتھ بہترین نوجوان ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بین الاقوامی اور قومی کھیلوں کا مرکز بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف کرکٹ بلکہ باقی کھیلوں کی سہولیات اور گراؤنڈز کی اپگریڈیشن پر بھی کام کر رہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کرکٹ گراؤنڈ اور دیگر کھیل کے میدانوں سے حاصل ہونے والی آمدن کھیلوں کے فروغ اور سپورٹس سہولیات کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ اسی طرح خواتین میں کرکٹ کے فروغ کیلئے اسلام آباد کی خواتین کرکٹ ٹیم بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔ ملاقات میں باہمی تعاون سے اسلام آباد میں کرکٹ اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کاوشیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کی رغبت اور دارالحکومت کو ایک جدید ترین کھیلوں کے مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button