ایس پی سواں زون پری گل ترین کی قیادت میں ایس ایچ او کھنہ حاکم علی اور ٹیم کی جرائم کے خلاف کامیاب کارروائیاں

اسلام آباد (احمد ضمیر سے) سواں زون کے ایس پی پری گل ترین کی مؤثر نگرانی اور رہنمائی کے تحت تھانہ کھنہ کے ایس ایچ او حاکم علی اور ان کی ٹیم نے حالیہ دنوں میں جرائم کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی ہیں، جن کی بدولت علاقہ مکینوں میں تحفظ کا احساس بڑھا ہے۔
ایس پی سواں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او حاکم خان نے منظم انداز میں کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں متعدد منشیات فروش، چور اور اسلحہ بردار عناصر کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان ملزمان کے قبضے سے منشیات، ناجائز اسلحہ اور دیگر مشکوک سامان بھی برآمد کیا ہے۔
علاقے میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے گشت کے نظام کو مؤثر بنایا گیا ہے، جبکہ خفیہ اطلاعات پر فوری کارروائی کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کے نتیجے میں نہ صرف جرائم میں کمی آئی ہے بلکہ شہریوں کے اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ایس پی پری گل ترین نے تھانہ کھنہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سواں زون کی پولیس عوامی تحفظ، قانون کی بالادستی اور جرائم کے خاتمے کے لیے دن رات متحرک ہے۔
علاقہ مکینوں نے بھی پولیس کی ان کوششوں کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اسی تسلسل کے ساتھ امن و امان کا قیام ممکن بنایا جائے گا۔