ورلڈ این جی او ڈے پر سیمینار، 50 سے زائد تنظیموں میں ایوارڈز تقسیم، نعیم ملک کا فلاحِ انسانیت پر زور

سرگودہا ( طارق قاسمی سے ) ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا ڈویژن نعیم ملک نے کہا ہے کہ اسلام نے فلاحِ انسانیت اور حقوق العباد کو بہت زیادہ اہمیت دی ہے جبکہ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ساری زندگی رفاہِ عامہ کا بہترین نمونہ تھی۔

وہ غیر سرکاری تنظیموں کے عالمی دن کے موقع پر پیپلز سوشل ویلفیئر سوسائٹی اور یونیورسٹی آف سرگودھا شیالوجی اینڈ کرمنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سمینار اور ساتویں وحید انجم ایوارڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں سرگودھا کی 50 سے زائد این جی اوز میں اعلی کارکردگی پر ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے ۔ اس موقع پر چیئرمین سوشیالوجی اینڈکرمنالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شہزاد خاور مشتاق، چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کونسل آف این جی اوز عبدالمنان چوہدری، چیئر پرسن سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ملیحہ گل میڈم، زرقاء اظہر، سید مردان شاہ، باباشفیق ڈوگر، عمر دراز جھاوری ،ڈاکٹر زین العابدین، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد یار گوندل، حافظ فرمان اللہ فاروقی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ غیر سرکاری تنظیمیں معاشرے میں امن محبت اور ترقی کا پیغام پھیلا رہی ہیں ان کی کوششوں کو سراہنا ہم سب کا فرض ہے۔
و رلڈ این جی او ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اپنے لیے تو سب ہی جیتے ہیں اصل زندگی دوسروں کے کام آنے میں ہے۔یہ دن منانے کا بنیادی مقصد ان تنظیموں اور ان کے رضاکاروں کی خدمات، قربانیوں اور معاشرے میں ان کے مثبت اثرات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ جو بغیر کسی حکومتی سرپرستی کے انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن ان افراد اور تنظیموں کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے جو صحت، تعلیم، ماحولیات، انسانی حقوق اور غربت کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبدالوحید انجم(مرحوم) نے اپنی ساری زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کی۔سمینار کے اختتام پر این جی اوز کے نمائندوں میں اعلی کارکردگی پر شیلڈز اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔



