کمشنر عامر خٹک کا راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہیڈ آفس کا دورہ

کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، سی ای او رانا ساجد صفدر نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران کمشنر کو کمپنی کی مجموعی کارکردگی، جاری صفائی آپریشنز اور مانیٹرنگ کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مرکزی کنٹرول روم میں سینیئر مینیجر ایم آئی ایس احسن عظمت ملک نے کمشنر کو ٹیکنالوجی بیسڈ مانیٹرنگ سسٹم، لوکیشن ٹریکنگ اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق اہم امور پر آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران سینئر مینیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال اور مینیجر آپریشنز عامر نائیک بھی موجود تھے۔کمشنر راولپنڈی نے ڈویژن بھر کی تمام تحصیلوں اور دیہات میں جاری صفائی آپریشن کا لائیو معائنہ کیا اور مانیٹرنگ اسٹاف کو مزید فعال کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے فیلڈ اسٹاف کی حاضری پر سخت چیک رکھنے اور صفائی آپریشن میں استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں کو مکمل فعال حالت میں رکھنے کا بھی حکم دیا۔ کمشنر نے کہا کہ افسران باقاعدگی سے فیلڈ دورے کریں تاکہ صفائی کی صورتحال کو خود مانیٹر کیا جا سکے۔ انہوں نے سموگ کے خاتمے کے لیے شاہراہوں اور اہم سڑکوں کی واشنگ کے عمل کو تیز کرنے اور شہری و دیہی علاقوں میں کنٹینرز کی مکمل واشنگ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔کمشنر نے تمام تحصیلوں سے یومیہ کوڑا کرکٹ کی ٹن ایج رپورٹ باقاعدگی سے فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ شہری علاقوں کی طرح دیہی علاقوں میں بھی صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔کمشنر عامر خٹک نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور سی ای او رانا ساجد صفدر کو بہترین کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ صفائی آپریشن کی رفتار اور مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔



