نمائندگان کی خبریں

دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن بند،فتنہ خوارج سے مکالمہ نہیں مگر اصلاح ناگزیر ہے،خرم نواز گنڈاپور



منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت واہ میں 16 اجتماعی شادیاں،اتحاد و استحکام کا عملی پیغام

راولپنڈی (عبدالرحمان سے) دہشت گردی کے عفریت کو قابو میں لانے کے لئے ریاست کو ہمہ جہتی محاذوں پر مضبوط بند باندھنا ہوں گے، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے اور بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں سے نہ بات چیت ممکن ہے اور نہ ہی کوئی معافی، تاہم گمراہ عناصر کو مذاکراتی دھارے میں لا کر ان کے اذہان کی اصلاح وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے واہ میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام 16 اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو اگرچہ 2024 میں فتنہ خوارج کا نام دیا گیا، مگر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 2010 میں 600 صفحات پر مشتمل تاریخی فتویٰ دے کر عالمِ اسلام میں سب سے پہلی اور توانا آواز بلند کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اب تک ملک بھر میں 3700 کے قریب جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کروا چکی ہے جبکہ آج ضلع راولپنڈی شمالی کے تحت 16 بچیوں کی باعزت رخصتی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے موجودہ معاشرتی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے سیاست دانوں اور قیادت نے قوم، بالخصوص نوجوان نسل کی تربیت میں وہ کردار ادا نہیں کیا جو کرنا چاہیے تھا۔ آج معاشرہ شدید پولرائزیشن کا شکار ہے، جس میں مذہبی اور سیاسی قیادت دونوں کا حصہ ہے۔ محبت کی جگہ نفرت، تحمل کی جگہ انتہا پسندی، سچائی کی جگہ جھوٹ اور بہتان نے لے لی ہے، ایسے حالات میں فہم و فراست، علم و حکمت اور دلیل کی بات کرنا مشکل مگر ناگزیر ہو چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی دعوت پر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں شرکت کا مقصد یگانگت، وحدت اور ملکی استحکام کا اجتماعی پیغام دینا تھا۔ تقریب سے قبل خرم نواز گنڈاپور نے 16 دلہنوں میں سلامی تقسیم کی اور مختلف اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔ تقریب کے انتظامات ضلعی صدر صغیر خان کی زیر نگرانی 11 انتظامی کمیٹیوں نے انجام دیے۔ اس موقع پر سیکرٹری انتظامی کمیٹی جاوید قادری، خرم شیراز، سیف اللہ قادری، انچارج میڈیا سیل قمر عباس، امجد خان اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ نقابت کے فرائض محمد راشد، امجد اعوان اور علامہ افتخار رحمانی نے انجام دیے جبکہ برائیڈل گفٹ کمیٹی کی ذمہ داری ندیم اعوان اور عبدالقیوم جٹ، ہال کمیٹی سلیم ہزاروی اور عامر علی، اور سیکیورٹی امور محمد مقصود کے سپرد تھے۔ تقریب میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سے منہاج القرآن کے ذمہ داران شریک ہوئے جبکہ دیگر مذہبی و سیاسی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اجتماعی شادیوں کی یہ تقریب نہ صرف فلاحی خدمت بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کا عملی مظہر قرار دی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button