پاکستان عوامی قوت نے سب سے زیادہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا کر تاریخ رقم کر دی

اسلام آباد (محمد فیصل ندیم سے) پاکستان عوامی قوت چیئرمین خاقان وحید خواجہ کی متحرک، دوراندیش اور ویژنری قیادت میں اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے سب سے زیادہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے والی واحد سیاسی جماعت بن گئی ہے۔ یہ کامیابی ایک نوخیز مگر باوقار سیاسی جماعت کے لیے ایک بڑا اور تاریخی سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
پاکستان عوامی قوت کی سیاست روایتی وعدوں کے بجائے عملی خدمت پر مبنی ہے۔ چیئرمین خاقان وحید خواجہ وہ رہنما ہیں جنہوں نے پاکستان کی سیاست میں فلاحی (Welfare) ماڈل کو متعارف کروایا اور عوامی خدمت کو سیاست کا محور بنایا۔ تعلیم، صحت، روزگار اور مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے پارٹی کی مسلسل جدوجہد اس وژن کی عملی تصویر ہے۔
اسی سلسلے میں پاکستان عوامی قوت کے پارٹی سیکریٹریٹ میں تمام یونین کونسلز سے نامزد کونسلرز کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری، عوامی رابطہ مہم، تنظیمی مضبوطی اور پارٹی منشور کو گھر گھر پہنچانے کی جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں اور کونسلرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عوامی قوت عوامی خدمت، شفاف قیادت اور مضبوط بلدیاتی نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد پوری قوت سے جاری رکھے گی۔



