پاک فضائیہ کا تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ

پاک فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ انجام دیا، جو قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلو میٹر کی رینج کے ساتھ دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور روایتی وارہیڈ سے لیس ہے۔ جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے آراستہ تیمور میزائل انتہائی کم بلندی پر پرواز کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس کی بدولت یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام سے مؤثر طور پر بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی درست نشانہ لگانے کی صلاحیت پاک فضائیہ کی روایتی دفاعی قوت اور آپریشنل استعداد اور لچک میں نمایاں اضافہ کرتی ہے، جو ملک کے مجموعی دفاعی نظام کو مزید مستحکم بناتی ہے۔
تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت طرازی اور خودانحصاری کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر پاک افواج کے سینئر افسران کے علاوہ ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی، جنہوں نے اس جدید ویپن سسٹم کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس نمایاں کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، انتھک محنت اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ ایئر چیف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں ٹیکنالوجی میں خودکفالت کے قومی عزم اور بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی ماحول میں ایک مؤثر روایتی دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کی عکاس ہیں۔ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔



