اہم خبریں

اسپیکر قومی اسمبلی سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

 

 

اسلام آباد (احمد ضمیر سے) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختایف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان مذہب، ثقافت اور تاریخی رشتوں کی ایک مضبوط بنیاد پر قائم برادر ممالک ہیں۔ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

 

انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی روابط نہ صرف حکومتی سطح پر ہم آہنگی پیدا کرتے ہیں بلکہ دونوں اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائم پاک-ازبک پارلیمانی فرینڈشپ گروپ اس ضمن میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

 

سردار ایاز صادق نے دوطرفہ پارلیمانی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کا خواہاں ہے۔

 

ازبک سفیر علی شیر تختایف نے پاک-ازبک پارلیمانی تعلقات کے فروغ میں اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا حالیہ دورہ ازبکستان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور اس کی قیادت کا خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے غیر متزلزل عزم قابل تحسین ہے۔ ازبک سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، اسپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ ازبکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button