روحانی شخصیت احسن الحق ساجد نقشبندی کی خاقان وحید خواجہ سے ملاقات

اسلام آباد میں معروف روحانی شخصیت احسن الحق ساجد نقشبندی (لاثانی سرکار کے خلیفۂ مجاز) نے پاکستان عوامی قوت کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ سے ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار اور روحانی ماحول میں ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، اخلاقی اقدار اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خاقان وحید خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور استحکام میں اولیائے کرام کا روحانی کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے جب بھی ملک و قوم مشکل حالات سے دوچار ہوئی، اولیائے کرام کی دعاؤں اور برکتوں سے اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سنبھالا۔
چیئرمین پاکستان عوامی قوت نے کہا کہ جہاں سیاستدانوں کی غلط پالیسیوں نے ملک کو نقصان پہنچایا، وہیں روحانی شخصیات قوم کے لیے امید، حوصلے اور سہارا بنی رہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اولیائے کرام کی صحبت اور زیارت سے قلبی سکون، روحانی طمانیت اور مثبت توانائی حاصل ہوتی ہے، جو انسان کو خدمتِ خلق اور معاشرتی بہتری کے لیے متحرک کرتی ہے۔
خاقان وحید خواجہ نے مزید کہا کہ سیاست کو اخلاقیات اور روحانیت سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن، برداشت اور اتحاد کو فروغ دیا جا سکے۔



