کشمور میں عامر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنس اینڈ آئی ٹی کمپیوٹر سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا

کشمور( سید رشید احمد شاہ) کشمور میں عامر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنس اینڈ آئی ٹی کمپیوٹر سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا جو ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کراچی سے رجسٹرڈ ہے۔ افتتاحی تقریب میں علاقے کی معزز شخصیات، مذہبی رہنماؤں، سماجی کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تقریب کے مہمانِ خصوصی رفیق احمد چنہ تعلقہ صدر ایس ٹی پی تھے، جبکہ مولانا خالد حسین سکندری، مولانا اکمل حسین قادری، مولانا محمد حنیف مزاری اور شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین حاکم علی بھٹی سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور کمپیوٹر و آئی ٹی تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اسکل بیسڈ تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو بھی معیاری آئی ٹی تعلیم فراہم کی جائے تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ آخر میں والدین سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کو آئی ٹی تعلیم دلوائیں تاکہ نوجوان نسل ایک روشن اور خود کفیل مستقبل کی طرف گامزن ہو سکے۔

